سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا وفاقی دارالحکومت میں مختلف امام بارگاہوں کا دورہ

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے وفاقی دارالحکومت میں مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے وفاقی دارالحکومت میں مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس ایس پی قاضی علی رضا نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور مختلف امام بارگاہوں میں مجموعی سکیورٹی اور چیکنگ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔قاضی علی رضا نے چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور موجودہ سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کے دوران انتہائی چوکس رہیں، مشکوک افراد اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں اور تمام سکیورٹی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ایس ایس پی نے چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر اور بامقصد بنانے پر بھی زور دیا تاکہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

قاضی علی رضا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں اور عام شہریوں کے لیے پورے مقدس مہینے کے دوران پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔