محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب میں ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے اور اسی تناظر میں محکمہ نے 101کے لگ بھگ پروٹیکٹڈ ایریاز قائم کررکھے ہیں جہاں جنگلی فانا و فلورا کو تحفظ دے کر آئندہ نسلوں کیلئے سر سبز و شاداب ماحول برقرار رکھنے کیلئے بھر پور کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں
جنگلی حیات کے بغیر ماحولیاتی توازن میں بگاڑ پیدا ہوگا،عالمی یوم ماحولیات پر محکمہ جنگلات کا پیغام
لاہور۔5جون (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب میں ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے اور اسی تناظر میں محکمہ نے 101کے لگ بھگ پروٹیکٹڈ ایریاز قائم کررکھے ہیں جہاں جنگلی فانا و فلورا کو تحفظ دے کر آئندہ نسلوں کیلئے سر سبز و شاداب ماحول برقرار رکھنے کیلئے بھر پور کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں ۔ عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے ترجمان نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ یہ دن منانے کامقصد عام لوگوں میں ماحول کے تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور انہیں بتانا ہے کہ جنگلی حیات بھی اس دن کا ایک اہم پہلو ہے کیونکہ جنگلی حیات کے بغیر کرہ ارض کا ماحول ادھورا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ ہم جنگلی حیات کا تحفظ کریں ۔جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار کی روک تھام کیلئے محکمہ سے تعاون کریں ۔
محکمہ کو جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار ، سمگلنگ ، تجارت اور قبضہ کی بابت فوری اطلاع دیں ۔ جنگلات کی کٹائی ہرگز نہ کریں کیونکہ اس سے جنگلی حیات کے مساکن تباہ ہورہے ہیں ۔ اپنی ویٹ لینڈز کو آلودہ ہونے سے بچائیں یہ جنگلی حیات کی خوراک کی آماجگاہیں ہیں، جنگلات کی حفاظت کریں اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں اور ماحول دوست درخت لگائیں ۔فضا ئی ، آبی اور زمینی آلودگی جنگلی حیات کیلئے خطرناک ہے اس کی حوصلہ شکنی کریں ، ماحول دوست توانائی کو فروغ دیں اور اپنے سکولوں کالجوں میں ماحولیاتی اہمیت پر مبنی تعلیم دی جائے اور عوام اس بابت محکمہ کے قوانین پر سختی سے عمل کریں۔









