ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی
وہاڑی ،محرم الحرام میں سیکیورٹی اور انتظامات کیلئے تمام محکمے متحرک رہیں، ڈپٹی کمشنر
وہاڑی ۔ 05 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی، پیچ ورک، مین ہول کورز کی تنصیب، سٹریٹ لائٹس کی فعالیت، وال چاکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات فوری مکمل کیے جائیں جبکہ میپکو، پی ٹی سی ایل اور کیبل آپریٹرز تاروں کو محفوظ اور بلند کریں اور محکمہ سوئی گیس گیس لیکج کے مسائل کا بروقت تدارک کرے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ واسا سیوریج لائنوں کی ڈسلٹنگ مکمل کرے، تمام محکمے اپنا پلان شیئر کریں، عزاداروں کیلئے میٹھے پانی کی سبیلوں اور لنگر کا معائنہ کیا جائے اور تحصیل سطح پر مساجد کمیٹیوں، انجمن تاجران اور نمبرداران سے مشاورتی اجلاس منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں، ضلعی اور تحصیل کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، زیر تعمیر عمارتوں، امام بارگاہوں، جلوسوں اور روٹس کی سویپنگ کی جائے گی جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد پوسٹ یا شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شعلہ بیان مقررین پر پابندی عائد ہوگی اور سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام محکموں کے ملازمین کو خصوصی کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ اجلاس میں غلام مرتضیٰ، انعم اکرم، جواد حسین، سعد بن خالد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے









