اسلام آباد ٹریفک پولیس کی پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے ایونٹ کے حوالے سے مسافروں کےلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ہفتہ کو منعقد ہونے والے ایک بڑے ایونٹ کے حوالے سے مسافروں کےلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے ہفتہ کو دوپہر 12 بجے تک سرینہ چوک تا چاند تارہ چوک تک سرینگر ہائی وے ٹریفک کےلئے بند رہے گی

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ہفتہ کو منعقد ہونے والے ایک بڑے ایونٹ کے حوالے سے مسافروں کےلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے ہفتہ کو دوپہر 12 بجے تک سرینہ چوک تا چاند تارہ چوک تک سرینگر ہائی وے ٹریفک کےلئے بند رہے گی۔ آئی ٹی پی حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ بھارہ کہو اور کشمیر چوک سے سرینگر ہائی وے پر آنے والی ٹریفک کو مارگلہ موٹر یوٹرن سے سہروردی روڈ پر موڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے بھارہ کہو کی جانب سفر کرنے والے مسافر ایکسپریس ہائی وے ، مری روڈ، کلب روڈ اور کشمیر چوک کا راستہ اختیار کریں۔ ایڈوائزری کے مطابق سرینگر ہائی وے سے آبپارہ اور ریڈ زون جانے والی ٹریفک کو سیونتھ ایونیو اور جناح ایونیو سے مختلف روٹس پر موڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس ہائی وے سے ریڈ زون جانے والے مسافر مری روڈ اور سرینہ چوک کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ آئی ٹی پی نے ہدایت کی ہے کہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے امیدوار اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل روز اینڈ جیسمین گارڈن کی پارکنگ میں پارک کریں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اس حوالے سےمعلومات حاصل کریں۔