چین، پاکستان اور کامسٹیک کے اشتراک سے جڑی بوٹیوں پر تحقیق کیلئے مشترکہ لیبارٹری قائم

چین، پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) چین اور پاکستان کے مشترکہ اشتراک سے جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات پر تحقیق کیلئے مشترکہ لیبارٹری قائم کر دی گئی ہے،

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):چین، پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) چین اور پاکستان کے مشترکہ اشتراک سے جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات پر تحقیق کیلئے مشترکہ لیبارٹری قائم کر دی گئی ہے، جس کا مقصد روایتی چینی طب اور یونانی طب کے شعبوں میں سائنسی تحقیق، ادویات کی تیاری اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔مشترکہ لیبارٹری کا افتتاح چین کے شہر ننگبو میں ’’روایتی چینی اور یونانی طب میں تعاون‘‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم کے دوران کیا گیا۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ لیبارٹری جڑی بوٹیوں پر مبنی ادویات کی تحقیق و ترقی، طبی اور قبل از طبی مطالعات، روایتی ادویات کی بین الاقوامی رجسٹریشن، ماہرین کی تربیت اور علمی تبادلوں کے فروغ میں کردار ادا کرے گی۔ اس منصوبے میں چین اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 50 محققین شامل ہیں جو طب، فارمیسی، حیاتیات، کیمیا، مصنوعی ذہانت اور پالیسی و ریگولیٹری علوم سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کریں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران روایتی طب کے شعبے میں تحقیق، سائنسی تبادلوں اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون کی ایک کامیاب مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی لیبارٹری دونوں ممالک کے درمیان سائنسی روابط کو مزید مستحکم کرے گی اور روایتی ادویات کی سائنسی بنیادوں پر ترقی، نئی مصنوعات کی تیاری اور افرادی قوت کی استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کامسٹیک اس کامیاب ماڈل کو دیگر او آئی سی رکن ممالک تک وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ مسلم دنیا میں روایتی طب اور جڑی بوٹیوں پر تحقیق کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد میں روایتی طب سے متعلق ایک بین الاقوامی سربراہ اجلاس منعقد کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔چینی اکیڈمی آف سائنسز کی رکن اور ننگبو یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ڈرگ ڈسکوری ٹیکنالوجی کی ڈین پروفیسر ژاؤ یوفن نے کہا کہ مشترکہ لیبارٹری روایتی ادویات کے میدان میں سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔تقریب ، شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد خان، پاکستان کے چین میں سائنس کو قونصلر خان محمد وزیر، ننگبو یونیورسٹی اور دیگر چینی جامعات کے اعلیٰ حکام، سائنسدانوں، پالیسی سازوں اور مختلف ممالک کے ماہرین نے شرکت کی۔