فرانس نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادیوں میں اضافے اور فلسطینیوں پر تشدد میں اضافے کے خلاف احتجاج کے طور پر اسرائیلی آبادکاروں کو آئندہ دنوں میں مزید پابندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے
آئندہ دنوں میں اسرائیلی آبادکاروں پر مزید پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں، فرانس

مزید خبریں
پیرس ۔8جون (اے پی پی):فرانس نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادیوں میں اضافے اور فلسطینیوں پر تشدد میں اضافے کے خلاف احتجاج کے طور پر اسرائیلی آبادکاروں کو آئندہ دنوں میں مزید پابندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔العربیہ کے مطابق فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارونے ان یورپی ممالک کا نام تو نہیں لیا جو ان کے خیال میں مزید اقدامات نافذ کر سکتے ہیں۔ لیکن یورپی یونین کی سابقہ پابندیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم مزید آگے بڑھ سکتے ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ مغربی کنارے میں آبادکاری کی غیر قانونی سرگرمیوں میں اضافے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد میں اضافے پر انتہائی فکر مند ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں نے نہ صرف اس تشدد کے ذمہ داروں بلکہ اسرائیل کے ان اداروں، کمپنیوں اور تنظیموں پر بھی پابندیاں عائد کرنے پر زور دیا ہے جو ان انتہا پسند آبادکاروں کو فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے نکالنے، ان کی فصلوں کو جلانے اور ان کی عوامی عمارات کو تباہ کرنے کے ذرائع فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ اقدامات اسرائیلی حکومت سے یہ مطالبہ کرنے کا ایک طریقہ تھے کہ وہ اس تشدد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا سامنا کرے جو میری نظر میں کسی حد تک ریاست کے اختیار کو بھی کمزور کرتا ہے۔








