فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب سمندر میں آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے، جبکہ حکام نے متعدد ساحلی صوبوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کر دی ہے
فلپائن میں 7.8 شدت کا زلزلہ، ایک شخص ہلاک، چار زخمی
منیلا۔8جون (اے پی پی):فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب سمندر میں آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے، جبکہ حکام نے متعدد ساحلی صوبوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کر دی ہے۔شنہوا کے مطابق فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق زلزلہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 37 منٹ پر آیا۔ زلزلے کی گہرائی 33 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز جزیرہ منڈاناؤ کے صوبہ سرنگانی کے قصبے ماسیم کے ساحل سے تقریباً 32 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔ادارے نے بتایا کہ یہ ایک ٹیکٹونک زلزلہ تھا جس کے بعد نو ساحلی صوبوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی۔ حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر بلند مقامات پر منتقل ہونے یا ساحل سے دور اندرونِ ملک جانے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین کے مطابق سونامی کی ابتدائی لہریں پیر کی صبح ساحل سے ٹکرا سکتی ہیں اور یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔









