سعودی عرب،حجاج کرام کی واپسی مراحل میں سہولت کے لیے الیکٹرانک گیٹس متعارف

سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس نے مناسکِ حج مکمل کرنے والے ضیوف الرحمن کی اپنے ممالک کو واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے الیکٹرانک گیٹس متعارف کرا دیئے ۔

ریاض۔8جون (اے پی پی):سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس نے مناسکِ حج مکمل کرنے والے ضیوف الرحمن کی اپنے ممالک کو واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے الیکٹرانک گیٹس متعارف کرا دیئے ۔ العربیہ اردو کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کےسرکاری ترجمان میجر ناصر العتیبی نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی روانگی کے مراحل کو خود کار طریقے سے مکمل کرنے کے لیے جدید تکنیکی حل کا ایک نظام فراہم کیا ہے جو تمام بین الاقوامی زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر دستیاب الیکٹرانک گیٹس کے نظام کی مانند ہے۔ایئرپورٹس پر الیکٹرانک گیٹس (E-gates) کی ٹیکنالوجی ضیوف الرحمن کو چند ہی سیکنڈز میں بائیومیٹرک ڈیٹا کی تصدیق کے ذریعے روانگی کے مراحل خود کار طریقے سے مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ان گیٹس سے نقل و حرکت کی روانی میں اضافہ ہوتا ہے اور انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر پاسپورٹ ہالز میں انتظار کا وقت کم ہو جاتا ہے۔

الیکٹرانک گیٹس کے نظام کے ساتھ ساتھ محکمہ پاسپورٹ نے سعودی عرب سے روانگی کے وقت ضیوف الرحمن کو مناسک حج کی ادائیگی کے دوران خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا ہے۔ یہ کام فوری ترجمہ کرنے والے ایسے آلات کے ذریعے کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت کی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے الیکٹرانک طور پر 138 زبانوں میں کام کرتے ہیں تاکہ مختلف قومیتوں اور زبانوں کے حجاج کے ساتھ رابطے کو آسان بنایا جا سکے اور ان کے مراحل کو تیز رفتاری اور اعلیٰ کارکردگی کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل حل سے لیس ’’موبائل کاؤنٹر‘‘ آلات کا استعمال بین الاقوامی راستوں پر مستفید ہونے والوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھاتا ہے۔

یہ آلات مستفید ہونے والوں، بزرگوں اور معذور افراد کے مراحل کو بغیر کسی انتظار کے ہموار اور تیز رفتار طریقے سے مکمل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے کاموں کو اہل افرادی قوت کے ذریعے مضبوط کیا گیا ہے جو مختلف بین الاقوامی راستوں پر چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے۔ یہ ایسے آپریشنل منصوبوں کے مطابق ہے جو روانگی کے مراحل کو آسان بنانے، نقل و حرکت کی روانی اور انتظار کے وقت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس کے سرکاری ترجمان نے کہا ہے کہ پاسپورٹ حکام رواں سال حجاج کرام کی طرف سے فریضہ حج کی ادائیگی مکمل کرنے کے بعد تمام بین الاقوامی فضائی، زمینی اور بحری راستوں سے ضیوف الرحمن ( اللہ کے مہمانوں ) کی روانگی کے لیے اپنے آپریشنل منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔