کمشنر ملتان ڈویژن عامرکریم خان نے ملتان ایونیو منصو بے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی
کمشنر ملتان کا ملتان ایونیو منصو بے کا تفصیلی دورہ ، جاری تعمیراتی کام کا جائزہ
ملتان۔ 08 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامرکریم خان نے ملتان ایونیو منصو بے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔دورانِ معائنہ کمشنر نے کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔کمشنر نے تعمیراتی معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان ایونیو منصوبہ مکمل ہونے سے شہر کے سڑکوں کے نیٹ ورک میں بہتری آئے گی، ٹریفک کی روانی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو محفوظ اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی وسائل کے مؤثر استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کے بروقت نتائج کے حصول کے لیے مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن، ایس ای ہائی ویز غلام نبی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔









