بھکر ،بین الصوبائی چیک پوسٹ داجل پر کارروائی، 40 ٹن چوکر برآمد

بھکر پولیس کی جانب سے گندم، آٹا اور چوکر کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بھکر۔ 08 جون (اے پی پی):بھکر پولیس کی جانب سے گندم، آٹا اور چوکر کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چیک پوسٹ داجل پر انچارج انسپکٹر اسد اقبال کی سربراہی میں اے ایس آئی محمد طارق اور پولیس ٹیم نے دورانِ چیکنگ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 40 ٹن چوکر برآمد کر لیا۔پولیس نے ٹرک نمبر LES-5768 کو روک کر چیک کیا جس پر 20 ٹن چوکر لوڈ تھا۔ ٹرک کا ڈرائیور یوسف خان ولد موسیٰ گل قوم کاکڑ، سکنہ کوئٹہ روڈ ژوب تھا۔اسی دوران ایک اور ٹرک نمبر TAS-427 کو بھی چیک کیا گیا جس پر 20 ٹن چوکر لوڈ تھا۔ اس ٹرک کا ڈرائیور محمد یار ولد باجڑ قوم کاکڑ، سکنہ ورسک ڈاک خانہ ژوب تھا۔دونوں گاڑیاں پنجاب سے خیبر پختونخوا جا رہی تھیں۔پولیس نے دونوں ٹرکوں، ڈرائیوروں اور لوڈ شدہ چوکر کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے تھانہ صدر بھکر کے حوالے کر دیا۔