حج 2026،سعودی عرب کا بڑا اقدام، حجاج کی تیز ترین واپسی کے لیے بائیومیٹرک ‘ای گیٹس’ اور 138 زبانوں کا فوری ترجمہ سسٹم فعال

سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس نے مناسکِ حج مکمل کرنے والے ضیوف الرحمن کی وطن واپسی کو آسان بنانے کے لیے تمام زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر چند سیکنڈز میں تصدیق کرنے والے بائیومیٹرک ‘ای گیٹس’ اور مصنوعی ذہانت سے لیس 138 زبانوں کا فوری ترجمہ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

مدینہ منورہ ۔8جون (اے پی پی):سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس نے مناسکِ حج مکمل کرنے والے ضیوف الرحمن کی وطن واپسی کو آسان بنانے کے لیے تمام زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر چند سیکنڈز میں تصدیق کرنے والے بائیومیٹرک ‘ای گیٹس’ اور مصنوعی ذہانت سے لیس 138 زبانوں کا فوری ترجمہ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ اس جدید ترین ٹیکنالوجی، موبائل کاؤنٹرز اور سمارٹ گورننس کے اقدامات کا مقصد انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے پاسپورٹ ہالز میں انتظار کا وقت ختم کرنا اور بزرگ و معذور حجاج کو ان کی جگہ پر ہی امیگریشن کی تیز ترین سہولت فراہم کرنا ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کے آفیشل ترجمان میجر ناصر العتیبی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈوں پر نصب جدید ترین الیکٹرانک گیٹس (E-gates) مسافروں کے بائیومیٹرک ڈیٹا کی چند سیکنڈز میں تصدیق کر کے روانگی کے مراحل کو خود کار طریقے سے مکمل کر دیتے ہیں، جس سے ایئرپورٹس پر حجاج کی نقل و حرکت میں غیر معمولی روانی پیدا ہو گئی ہے۔حجاج کے ایمانی تجربے کو مزید یادگار بنانے کے لیے امیگریشن کاؤنٹرز پر مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ترجمہ آلات نصب کیے گئے ہیں۔

یہ آلات دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمن کی لسانی مشکلات کو دور کرنے کے لیے 138 زبانوں میں فوری الیکٹرانک ترجمہ فراہم کرتے ہیں، جس سے مختلف قومیتوں کے حجاج کے سفری مراحل کی ہائی سپیڈ پروسیسنگ ممکن ہو گئی ہے۔میجر ناصر العتیبی نے بتایا کہ سمارٹ ڈیجیٹل حل سے لیس "موبائل کاؤنٹر” آلات کے ذریعے بزرگ اور معذور افراد کو بغیر کسی انتظار کے ان کی نشستوں پر ہی ہموار سفری سہولیات دی جا رہی ہیں۔ ان تمام آپریشنل منصوبوں کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے والی ماہر افرادی قوت کے ذریعے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ اس سال حج کا فریضہ ادا کرنے والے عازمین کی مجموعی تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 301 رہی، جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے 15 لاکھ 46 ہزار 655 بین الاقوامی حجاج اور مملکت کے اندر سے 1 لاکھ 60 ہزار 646 مقامی عازمین شامل تھے۔ سعودی حکومت نے حج 2026 کے باضابطہ کامیاب انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے سکیورٹی، تنظیم اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے اس مربوط نیٹ ورک کو حجاج کے اطمینان کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔