جنوبی عراق کے صوبے ذی قار میں ناصریہ ۔ بصرہ ہائی وے پر مسافر بس الٹنے سے 21 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔
عراق میں زائرین کی بس الٹنے سے 21 افراد جاں بحق،19 زخمی
مزید خبریں
بغداد۔8جون (اے پی پی):جنوبی عراق کے صوبے ذی قار میں ناصریہ ۔ بصرہ ہائی وے پر مسافر بس الٹنے سے 21 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔ العربیہ اردو کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب بس کربلا جانے والے مسافروں کو لے کر جا رہی تھی کہ اس دوران بس الٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر جل گئی۔ عراق کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے،متاثرین میں ایرانی زائرین بھی شامل ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری طرف طبی ذرائع نے فارنسک میڈیسن کے محکمے میں جھلسی ہوئی نعشوں کی آمد کی اطلاع دی ہے۔
وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ وزیر صحت عبدالحسین الموسوی نے ناصریہ اور بصرہ کو جوڑنے والی سڑک پر زائرین کی ایک بڑی تعداد کو لے جانے والی بس کے الٹنے کے حادثے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طبی، صحت اور ایمبولینس کے شعبوں کو متحرک کرنے اور حادثے سے نمٹنے اور زخمیوں کو ضروری طبی نگہداشت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ وزیر صحت نے متعلقہ ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ اور طبی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو ہنگامی علاج کی خدمات اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔








