وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے ماریشس کی وزارتِ خارجہ کے نمائندے مروِن این چیڈمبارم سے ملاقات
پاکستان اور ماریشس کا تجارت اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے ماریشس کی وزارتِ خارجہ کے نمائندے مروِن این چیڈمبارم سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ماریشس کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور تجارتی روابط کے فروغ کے لئے نئے مواقع پر غور کیا گیا۔ فریقین نے تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ رانا احسان افضل خان نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کے مابین براہِ راست روابط (بی ٹو بی) نئی تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں ادارہ جاتی تعاون کے فروغ، تجارتی رابطوں کو آسان بنانے اور باہمی مفاد کے حامل نئے شعبوں میں شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور ماریشس نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ خوشحالی کے لئے باقاعدہ رابطوں اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے تجارت کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








