سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود کا سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کا دورہ ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں، بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور اراضی سے متعلق زیر التواء معاملات کے جلد حل کی ہدایت کی ہے

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں، بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور اراضی سے متعلق زیر التواء معاملات کے جلد حل کی ہدایت کی ہے۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ این ایل سی کے سینئر پراجیکٹ منیجر اسرار الحق نے منصوبے کی پیشرفت پر بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے اراضی سے متعلق زیر التواء معاملات اور بلٹ اپ پراپرٹیز (بی یو پیز) کے کیسز کے فوری حل کیلئے خصوصی اقدامات پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ معمول اور ترجیحی نوعیت کے معاملات کیلئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹیں جلد دور کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کو اسلام آباد کے جدید اور مثالی رہائشی منصوبوں میں شامل کرنے کیلئے ماحول دوست انفراسٹرکچر، جدید لینڈ سکیپنگ، ویلیو ایڈیشن اور اعلیٰ معیار کی شہری منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر مقامی درختوں اور سبزے کے تحفظ کیلئے جامع ہارٹیکلچر پلان مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔دورانِ اجلاس سائیکل ٹریکس، سولر پاور پلانٹ، رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹمز اور چیک ڈیمز سمیت مختلف ماحول دوست اقدامات کو منصوبے کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ توانائی اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے پانی، بجلی، سیوریج، ڈرینیج، سٹریٹ لائٹس، مرکزی شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں کی بروقت تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئیسکو کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے بجلی سے متعلق مسائل کے فوری حل اور بجلی کے نیٹ ورک کی تنصیب و توسیع کے عمل کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو سیکٹر میں سولر پاور پلانٹ کے قیام کیلئے موزوں مقامات کا سروے مکمل کرکے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں توانائی کی ضروریات ماحول دوست ذرائع سے پوری کی جانی چاہئیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے بارش کے پانی کے ذخیرے اور زیر زمین آبی وسائل کے تحفظ کیلئے سسٹین ایبل چیک ڈیمز کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے سیکٹر میں مساجد کی تعمیر اور ڈیزائن کیلئے بہترین قومی و بین الاقوامی ماڈلز کا جائزہ لینے اور موجودہ منصوبہ بندی پر نظرثانی کی بھی سفارش کی۔ڈائریکٹر جنرل نے اراضی کے تحفظ اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے تجاوزات کے خلاف قانونی کارروائی اور فوری نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے، این ایل سی اور دیگر متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو جدید، معیاری اور بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کو ایک مثالی، خوبصورت اور پائیدار رہائشی منصوبے کے طور پر ترقی دی جائے گی