مختلف ہائوسنگ اور سرمایہ کاری فراڈ کیسز کے متاثرین میں 46 کروڑ سے زائد مالیت کے پے آرڈرز تقسیم کر دئیے،ترجمان نیب لاہور

نیب لاہور میں مختلف ہاوسنگ اور سرمایہ کاری فراڈ کیسز کے متاثرین میں تقریبا 46 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے 1,619 پے آرڈرز تقسیم کئے گئے

لاہور۔8جون (اے پی پی):نیب لاہور میں مختلف ہاوسنگ اور سرمایہ کاری فراڈ کیسز کے متاثرین میں تقریبا 46 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے 1,619 پے آرڈرز تقسیم کئے گئے ۔ رقوم اومیگا ریزیڈینشیا، ایڈن ہائوسنگ، ابوزر ہائوسنگ اسکیم، فارمینائٹس ہاوسنگ اسکیم، ماڈل بزنس ٹریڈ سینٹر اور دیگر زیرِ تفتیش مقدمات میں ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ کی زیر نگرانی واپس حاصل کی گئیں تاکہ متاثرین کو ادائیگی یقینی بنائی جا سکے فراہم کی گئیں۔

ترجمان نیب کے مطابق اومیگا ریزیڈینشیا کیس میں ادائیگیوں کے پہلے مرحلے کے تحت 500 متاثرین میں 1,308 پے آرڈرز کے ذریعے 14 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد تقسیم کیے گئے۔ ایڈن ہاوسنگ کیس میں 150 پے آرڈرز کے ذریعے 39 کروڑ 74 لاکھ روپے متاثرین کو ادا کیے گئے۔ نیب لاہور اب تک 5,571 کلیمنٹس کو آن لائن بینکاری کے ذریعے تقریبا 68 کروڑ 53 لاکھ 60 ہزار روپے منتقل کر چکا ہے جبکہ باقی تصدیق شدہ کلیمنٹس کو ادائیگیوں کا عمل جاری ہے۔ ایڈن ہاوسنگ کیس میں مجموعی طور پر 11,076 متاثرین میں اب تک ایک ارب 40 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ سوزوکی سیالکوٹ موٹرز کیس میں 136 پے آرڈرز کے ذریعے 18 کروڑ 61 لاکھ 90 ہزار روپے متاثرین میں تقسیم کیے گئے، جبکہ ابوزر ہاوسنگ اسکیم کے متاثرین کو 6 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔ مزید برآں ریاست بنام ابرار حسین جعفری کیس میں برآمد ہونے والی 22 لاکھ روپے کی رقم ڈی ایس پوسٹل سروس میانوالی کے حوالے کی گئی۔چیئرمین نیب نے کہا کہ ادارہ مالیاتی فراڈ کے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی، قومی دولت کی بازیابی اور موثر احتساب کے عمل کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں اور شہری ہاوسنگ سوسائٹیز یا رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں سرمایہ کاری سے قبل متعلقہ سوسائٹی کا این او سی، لے آوٹ پلان اور زمین کی بنیادی قانونی حیثیت کی لازمی تصدیق کریں تاکہ فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ برآمد شدہ رقوم کو شفاف، موثر اور جوابدہ نظام کے تحت متاثرین تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام متاثرین کو ان کی رقوم کی بروقت واپسی اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ نیب لاہور کے مطابق ادارہ لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی، احتساب کے موثر نظام اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا رہے گا۔