9 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضا فہ متوقع ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ جاری

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 9 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضا فہ متوقع ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیریں علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 9 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضا فہ متوقع ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیریں علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظرشمالی بلوچستان اور اس سے ملحقہ علاقوں پر موسمی کم دبائو (سیزنل لو) موجود ہے جبکہ ملک کے بالائی فضائی حصوں میں ایک ہائی پریشر سسٹم موجود ہے جو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید شدت اختیار کرے گا جس کے باعث دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

اس وقت ملک میں کوئی نمایاں مرطوب ہوائیں داخل نہیں ہو رہیں۔کل (منگل کو) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا تاہم دیر میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا: زیریں دیر میں 19ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پیر کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت : سبی49، دادو، جیکب آباد 48 ، تربت اورموہنجوداڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔