جامعہ گوادر کے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق صابر کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر ارشاد بُلیدی، ڈائریکٹر آئی ٹی شیہک بلوچ، چیئرپرسن کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ حفیظ اللہ، چیئرپرسن فاروق حیدر، ڈپٹی رجسٹرار عبدالماجد، سمیت دیگر تعلیمی سربراہان اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔
جامعہ گوادر کی مسلسل پیش رفت مشترکہ کاوشوں اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرازق صابر

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):جامعہ گوادر کے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق صابر کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر ارشاد بُلیدی، ڈائریکٹر آئی ٹی شیہک بلوچ، چیئرپرسن کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ حفیظ اللہ، چیئرپرسن فاروق حیدر، ڈپٹی رجسٹرار عبدالماجد، سمیت دیگر تعلیمی سربراہان اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ترجمان جامعہ گوادر کے بیان کے مطابق اجلاس کے دوران جامعہ سے متعلق مختلف تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق صابر نے جامعہ گوادر کی ترقی اور کامیابیوں میں کردار ادا کرنے پر یونیورسٹی کمیونٹی، تدریسی و انتظامی عملے، طلبہ اور بالخصوص سول سوسائٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ گوادر کی مسلسل پیش رفت تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ کاوشوں، تعاون اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ اجلاس میں حال ہی میں منعقد ہونے والے امتحانات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ امتحانات کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں اور نتائج کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر امید ظاہر کی گئی کہ امتحانی نتائج جون کے آخری ہفتے میں جاری کر دیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو بروقت اپنی تعلیمی پیش رفت سے آگاہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں آئندہ سیشن کی تعلیمی سرگرمیوں اور انتظامی منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں کلاسز کے مؤثر انعقاد، تعلیمی کیلنڈر پر عملدرآمد، تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں کے فروغ اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
مزید برآں، اجلاس میں مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق کورسز اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تربیتی پروگراموں کے آغاز اور فروغ پر بھی غور کیا گیا۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ طلبہ کے لیے جدید مہارتوں پر مبنی پروگرام متعارف کروانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ انہیں مستقبل کے روزگار اور پیشہ ورانہ مواقع کے لیے بہتر طور پر تیار کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جامعہ گوادر اعلیٰ تعلیمی معیار، مؤثر انتظامی نظام اور جدید مہارتوں کے فروغ کے ذریعے طلبہ کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے تمام تعلیمی اور انتظامی شعبہ جات کو ادارے کی ترقی، بہتری اور قومی و بین الاقوامی معیار کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کرنے کی تلقین کی۔








