حافظ آباد،ریسکیو 1122نے نہروں اور آبی مقامات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی واٹر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دیں

ڈپٹی کمشنرحافظ آباد عبدالرزاق کی خصوصی ہدایات پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122نے نہروں اور آبی مقامات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی واٹر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔

حافظ آباد۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرحافظ آباد عبدالرزاق کی خصوصی ہدایات پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122نے نہروں اور آبی مقامات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی واٹر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر حافظ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت اور نہروں میں نہانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر ضلع بھر کے اہم کینال پوائنٹس جن میں دو آبہ ہیڈ ساگر، اولڈ ہیڈ ساگر، پنج پلہ، بھون کلاں اور قلعہ رامکور شامل ہیں، پر ریسکیو اہلکاروں اور واٹر ریسکیو ٹیموں کی ڈپلائمنٹ مکمل کر دی گئی ہے۔

واٹر ریسکیو اہلکار نہ صرف کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں بلکہ شہریوں کو نہروں میں نہانے کے خطرات سے آگاہ کرنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے بھی مسلسل آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے نہروں، دریاوں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر امدادی اداروں سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔