ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن نے اپنی پانچویں سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2024-25 جاری کر دی

ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن (ڈی پی سی) نے مالی سال 2024-25 کے لیے اپنی پانچویں سالانہ رپورٹ پیرکو جاری کر دی ہے جس کا مقصد ادارے کی مالی کارکردگی، عملی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ایکٹ 2016 کے تحت قائم کردہ یہ ادارہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرتا ہے

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن (ڈی پی سی) نے مالی سال 2024-25 کے لیے اپنی پانچویں سالانہ رپورٹ پیرکو جاری کر دی ہے جس کا مقصد ادارے کی مالی کارکردگی، عملی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ایکٹ 2016 کے تحت قائم کردہ یہ ادارہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرتا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ سٹیٹ بینک سے کسی رکن بینک کی ناکامی کی باضابطہ اطلاع ملنے پر بینکوں کے ڈپازٹرز کو زر تلافی کی ادائیگی اور مسائل سے دوچار رکن بینکوں کے تصفیے کے لیے انہیں مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔رپورٹ میں بتایا کیا گیا ہے کہ ڈی پی سی نے اپنے رکن بینکوں کے تمام اہل ڈپازٹرز کی کوریج کو دوگنا کر کے اسے فی بینک ڈپازٹر 10 لاکھ روپے تک پہنچا دیا ہے۔ گذشتہ چھ برسوں میں ڈی پی سی کی جانب سے کوریج میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 30 جون 2025ء تک تمام شیڈولڈ بینکوں کے ڈپازٹرز کی مجموعی تعداد 91.78 ملین ہے جس میں سے 90.83 ملین اہل ڈپازٹرز ہیں اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے مطابق انہیں ہر بینک میں علیحدہ علیحدہ فی ڈپازٹر جمع شدہ ایک ملین روپے تک کی رقم کا تحفظ حاصل ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ ڈی پی سی کا ڈپازٹ پروٹیکشن فنڈ 200 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے جو ادارے کے فرائض کی ادائیگی کے لیے اس کی مضبوط مالی صورت حال کا عکاس ہے۔مزید برآں رپورٹ میں خاص طور پر مسائل سے دوچار رکن بینکوں کے مالی تصفیے کے حوالے سے کارپوریشن کے معاون کردار کو بڑھانے کے لیے ڈی پی سی ایکٹ 2016 میں کی گئی ترامیم پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رپورٹ میں جامع مالی جائزہ بھی فراہم کی گیا ہے جو پانچ سالہ تقابلی تجزیات، انڈپینڈنٹ آڈیٹر رپورٹ اور مالی سال 2024-25 کے آڈٹ شدہ مالی گوشواروں پر مشتمل ہے۔