خواجہ عمران نذیر کی بجلی کے مسائل کے حل کیلئے سی ای او لیسکو کے دفترآمد،سابقہ لوکل باڈیز ممبران کے ہمراہ سی ای او لیسکو سے ملاقات

صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پی پی 150کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) لیسکو کے دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے سابقہ لوکل باڈیز ممبران کے ہمراہ سی ای او لیسکو سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پی پی 150 کی تمام یونین کونسلز میں بجلی سے متعلق مسائل، لوڈ شیڈنگ، کم وولٹیج، خراب ٹرانسفارمرز اور دیگر تکنیکی …

لاہور۔10جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پی پی 150کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) لیسکو کے دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے سابقہ لوکل باڈیز ممبران کے ہمراہ سی ای او لیسکو سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پی پی 150 کی تمام یونین کونسلز میں بجلی سے متعلق مسائل، لوڈ شیڈنگ، کم وولٹیج، خراب ٹرانسفارمرز اور دیگر تکنیکی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ عمران نذیر نے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کو درپیش مشکلات سے لیسکو حکام کو آگاہ کیا۔اس موقع پر عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ لیسکو حکام نے پی پی 150 کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ متاثرہ علاقوں میں پرانی اور خراب کور کیبلز فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

ملاقات میں بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے تکنیکی ٹیموں کو متحرک کرنے، ٹرانسفارمرز کی مرمت اور اپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کرنے سمیت مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی 150 کے عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور تعاون کریں گے اور عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ پی پی 150 میں بجلی کے مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔