عوامی خدمت میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،عبدالرزاق ساسولی

ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے آج ضلع کے مختلف سرکاری محکمہ جات کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈی ایچ او آفس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ اور لوکل گورنمنٹ آفس کی کارکردگی اور حاضری کا جائزہ لیا۔

کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے آج ضلع کے مختلف سرکاری محکمہ جات کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈی ایچ او آفس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ اور لوکل گورنمنٹ آفس کی کارکردگی اور حاضری کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران سوشل ویلفیئر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار افسران دفتر میں موجود نہیں تھے جس پر ڈپٹی کمشنر خضدار نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کا دفتر میں موجود رہنا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے دفاتر میں پابندی سے موجود رہیں اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے محکمہ جات کو درپیش انتظامی اور فنی مسائل کے بارے میں بھی تفصیلی استفسار کیا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری سروس فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس مراد گزوزئی بھی ڈپٹی کمشنر خضدار کے ہمراہ تھے۔