کوہِ سلیمان میں لادی گینگ کے خلاف بڑا آپریشن، قاسم معاویہ گینگ کے سہولت کار گرفتار، مورچے مسمار

ڈی پی او ڈیرہ غازیخان صادق بلوچ کی قیادت میں ڈیرہ غازیخان پولیس نے کوہِ سلیمان کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے لادی گینگ کے قاسم معاویہ گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ڈیرہ غازی خان ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈی پی او ڈیرہ غازیخان صادق بلوچ کی قیادت میں ڈیرہ غازیخان پولیس نے کوہِ سلیمان کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے لادی گینگ کے قاسم معاویہ گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آپریشن کے دوران گروہ کے متعدد سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا، مورچے اور پناہ گاہیں مسمار کر دی گئیں۔ترجمان ڈیرہ غازیخان پولیس کے مطابق ڈیرہ غازیخان پولیس نے کوہِ سلیمان کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن کیا، جس میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران قاسم معاویہ گینگ کے تین قریبی ساتھیوں اور سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے گروہ کے زیر استعمال مورچوں، کمین گاہوں اور دیگر محفوظ ٹھکانوں کو بھی مسمار کر دیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ غازیخان صادق بلوچ نے آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قاسم معاویہ گینگ کے تمام ارکان کی گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے تک پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ڈیرہ غازیخان پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون شکن عناصر کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔