جامعہ اردو انتظامیہ نےمشترکہ انجمن اساتذہ عبدالحق اور گلشن اقبال کیمپس کے مطالبات منظور کر لیے

وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی میں اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے قائم مذاکراتی کمیٹی نے مشترکہ انجمن اساتذہ عبدالحق وگلشن اقبال کیمپس کے تمام مطالبات اور تحفظات کو تفصیل سے غور و خوض کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرکے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو پیش کیں۔

کراچی۔ 10 جون (اے پی پی):وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی میں اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے قائم مذاکراتی کمیٹی نے مشترکہ انجمن اساتذہ عبدالحق وگلشن اقبال کیمپس کے تمام مطالبات اور تحفظات کو تفصیل سے غور و خوض کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرکے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو پیش کیں۔

انتظامیہ کی جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق شیخ الجامعہ نے مذاکراتی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں منظور کر لیا ہے۔پریس رلیز میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کے حل اور ان کے مسائل کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تدریس، امتحانات اور تحقیقی سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ، طلبہ اور تمام متعلقہ فریقین کے تعاون سے ادارے کی ترقی اور تعلیمی ماحول کے استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔