ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جان بچانے والے جرات مند نوجوان عبدالرزاق ہمارے حقیقی ہیرو ہیں ،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جان بچانے والے جرات مند نوجوان عبدالرزاق ہمارے حقیقی ہیرو ہیں

کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جان بچانے والے جرات مند نوجوان عبدالرزاق ہمارے حقیقی ہیرو ہیں ،ایسے نوجوان قوم اور ملک کے ہیرو ہوتے ہیں جو ماں اور بہن کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں، نہ کہ وہ جو اپنی جان بچانے کے لیے خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبدالرزاق ترکئی کے گھر جا کر ان کی عیادت کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پیش آنے والے تیزاب گردی کے واقع کے دوران ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جان بچانے پر نوجوان عبدالرزاق کو شاباش دی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق نے بہادری، غیرت اور انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے نوجوان نے اپنی ماں، بہنوں کی عزت و جان کے تحفظ کے لیے اپنی جان کو خطرے میں ڈالا، جو قابلِ تحسین عمل ہے اصل بہادر اور غیرت مند نوجوان وہی ہیں جو اپنی خواتین کی عزت اور تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہتے ہیں، جبکہ ایسے عناصر جو اپنی جان بچانے کے لیے خواتین کو ڈھال بناتے ہیں، وہ کسی صورت ہیرو کہلانے کے مستحق نہیں۔