ایوان بالا نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) (منسوخی) بل سمیت 4 بلوں کی متفقہ طور پر منظوری دیدی

ایوان بالا نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) (منسوخی) بل سمیت 4 بلوں کی متفقہ طور پر منظوری دیدی

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):ایوان بالا نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) (منسوخی) بل سمیت 4 بلوں کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وزیرِاعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کی جانب سے پیش کردہ ٹریول ایجنسیز ایکٹ 1976 میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی حد تک ترمیم کے بل ٹریول ایجنسیز (ترمیمی) بل 2026 کو منظور کر لیا۔ایوان نے سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کی جانب سے پیش کردہ پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ایکٹ 1976میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی حد تک ترمیم کے لیے پاکستان ٹورسٹ گائیڈز (ترمیمی) بل 2026 بھی منظور کر لیا۔

اسی طرح سینیٹ نے متفقہ طور پر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کی جانب سے پیش کردہ پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایکٹ 1976 میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی حد تک ترمیم کے لیے پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس (ترمیمی) بل 2026 کی بھی منظوری دے دی۔علاوہ ازیں، ایوان نے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے پیش کردہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) ایکٹ 2016کو منسوخ کرنے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) (منسوخی) بل 2026 بھی منظور کر لیا۔