متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت پر زور دیا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کی جائے۔
عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے ،ڈاکٹر فاروق ستار

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت پر زور دیا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کی جائے۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معرکۂ حق کے بعد پاکستان کو دنیا میں عزت، وقار اور بلند مقام عطا کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اس کامیابی کو عوامی اور معاشی ریلیف میں تبدیل کیا جائے، خصوصاً ان لوگوں کیلئے جو خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا خاتمہ کرے اور مہنگائی میں کمی لانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے تاکہ عام آدمی کی مشکلات کم ہو سکیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ زیادہ آمدنی رکھنے والے طبقے اور بڑے جاگیرداروں پر بھاری ٹیکس عائد کیے جائیں تاکہ معاشی بوجھ غریب عوام پر منتقل نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک سادہ، عملی اور موثر فارمولا ہے جس کے ذریعے لاکھوں پاکستانیوں کی معاشی حالت بہتر بنائی جا سکتی ہے اور انہیں غربت سے نکالنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے مطابق حکومت کو اپنی اقتصادی پالیسیوں کا مرکز عام شہریوں اور کم آمدنی والے طبقات کو بنانا چاہیے تاکہ حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔







