پی ڈبلیو ایل ایف کا 20ویں ایشین گیمز ایشی ناگویاکیلئے قومی ویٹ لفٹنگ دستے کے حتمی انتخابی ٹرائلز کا اعلان

پی ڈبلیو ایل ایف کا 20ویں ایشین گیمز ایشی ناگویاکیلئے قومی ویٹ لفٹنگ دستے کے حتمی انتخابی ٹرائلز کا اعلان

لاہور۔10جون (اے پی پی):پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (پی ڈبلیو ایل ایف) نے 20ویں ایشین گیمز ایشی ناگویا 2026 کے لیے قومی ویٹ لفٹنگ دستے کے حتمی انتخابی ٹرائلز کا اعلان کر دیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر جبران بن سلمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ٹرائلز 12 جون 2026 بروز جمعہ پنجاب یونیورسٹی ویٹ لفٹنگ اکیڈمی، چوبرجی لاہور میں منعقد ہوں گے۔فیڈریشن کے مطابق ٹرائلز دو گروپس میں منعقد کیے جائیں گے جن میں پہلے مرحلے میں شارٹ لسٹ کیے گئے ویٹ لفٹرز حصہ لیں گے۔ پہلے گروپ میں حیدر سلطان، شرجیل بٹ، محمد علی غنی، سمیر بٹ اور صبا خان شامل ہیں۔ اس گروپ کا ویٹ اِن شام 4:30 بجے جبکہ مقابلے شام 6:30 بجے شروع ہوں گے۔

دوسرے گروپ میں قومی سطح کے نامور اور میڈل کے مضبوط امیدوار ویٹ لفٹرز شامل ہوں گے جن میں طلحہ طالب، فرحان امجد، غلام مصطفی، فرقان احمد، فرقان انور، عبدالرزاق، اذان علی، دانش بٹ، حنظلہ دستگیر، عبداللہ بٹ اور نوح بٹ شامل ہیں۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ان ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کی موجودہ فارم اور فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی حتمی ٹیم کا انتخاب کیا جا سکے۔جبران بن سلمان نے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائلز ملک کے بہترین ویٹ لفٹرز کو اپنی صلاحیتوں اور تیاری کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور متعلقہ افراد کو مقررہ وقت پر پہنچنے اور شیڈول کی مکمل پابندی کرنے کی ہدایت کی۔پاکستان ایشین گیمز کے لیے ایک مضبوط دستہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے اور ویٹ لفٹنگ ان کھیلوں میں شامل ہے جہاں ملک کو تمغوں کی امیدیں وابستہ ہیں۔

فیڈریشن کے مطابق حتمی انتخاب ٹرائلز کے نتائج، حالیہ کارکردگی اور طبی کلیئرنس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔تمام کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویٹ اِن کے مقررہ وقت سے پہلے اکیڈمی پہنچیں اور ضروری دستاویزات و سامان ساتھ لائیں۔ فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ ٹرائلز کے دوران اینٹی ڈوپنگ قوانین اور مقابلوں کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔پی ڈبلیو ایل ایف نے کہا ہے کہ ٹرائلز کی تکمیل اور سلیکشن کمیٹی کی باضابطہ منظوری کے بعد ایشین گیمز کے لیے منتخب کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔