جاپان میں ریچھوں کے حملوں میں اضافہ، 27 افراد ہلاک یا زخمی

جاپان میں رواں مالی سال کے دوران ریچھوں کے حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

ٹوکیو۔11جون (اے پی پی):جاپان میں رواں مالی سال کے دوران ریچھوں کے حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 27 افراد ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعات ملک کے 9 مختلف صوبوں میں پیش آئے۔جاپان کی وزارتِ ماحولیات کے مطابق متاثرہ افراد میں سے چار افراد ریچھوں کے حملوں کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق صوبہ فوکوشیما میں سب سے زیادہ 8 افراد متاثر ہوئے، جبکہ اکیتا میں 5، ایواتے میں 4، یاماگاتا اور تویاما میں 3، 3 افراد زخمی یا ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹوکیو، نیگاٹا، ہوکائیڈو اور میاگی میں ایک ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق 27 متاثرین میں سے کم از کم 11 افراد پر حملے رہائشی علاقوں، زرعی زمینوں یا گھروں کے قریب ہوئے، جس سے شہری علاقوں میں ریچھوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب شہری علاقوں میں ریچھوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی نے عوامی خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔ منگل کے روز ٹوکیو کے شمال میں واقع شہر اُتسونومیا میں تقریباً 100 کلوگرام وزنی ریچھ کو چار روز تک مسلسل دیکھے جانے کے بعد بے ہوش کر کے پکڑ لیا گیا، جس کے باعث شہر کے تمام 94 سرکاری پرائمری اور جونیئر ہائی اسکول عارضی طور پر بند کر دیے گئے تھے۔وزارتِ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ریچھوں سے محفوظ رہنے کے لیے جنگلاتی یا پہاڑی علاقوں میں ریڈیو یا ریچھوں کو دور رکھنے والی گھنٹیاں ساتھ رکھیں، اکیلے سفر سے گریز کریں، شور پیدا کریں، خوراک یا کچرا کھلے میں نہ چھوڑیں اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ ریچھوں کی موجودگی سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں۔