ریڈیو پاکستان ملتان اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے معروف غزل گائیک محمد نواز بھٹہ اور معروف فوک گلوکار ساجد علی خان ملتانی کے اعزاز میں "Appreciation of Living Legends” کے عنوان سے پروقار تقریب کا انعقاد ریڈیو پاکستان ملتان کے اسٹوڈیو میں کیا گیا
ریڈیو پاکستان ملتان میں لیونگ لیجنڈز کے اعزاز میں تقریب، محمد نواز بھٹہ، ساجد علی خان ملتانی کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا

مزید خبریں
ملتان ۔ 11 جون (اے پی پی):ریڈیو پاکستان ملتان اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے معروف غزل گائیک محمد نواز بھٹہ اور معروف فوک گلوکار ساجد علی خان ملتانی کے اعزاز میں "Appreciation of Living Legends” کے عنوان سے پروقار تقریب کا انعقاد ریڈیو پاکستان ملتان کے اسٹوڈیو میں کیا گیا۔ تقریب "معرکۂ حق زندہ باد” کے سلوگن کے تحت منعقد ہوئی ۔جس میں فن، ثقافت اور ابلاغیات سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں سابق ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان خورشید احمد ملک اور سابق اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان ملتان آصف خان کھیتران نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان ملتان محمد جعفر بلوچ نے مہمانانِ خصوصی کے ہمراہ محمد نواز بھٹہ اور ساجد علی خان ملتانی کو ان کی گراں قدر فنی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد پیش کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر قاریہ نسرین اختر اور محمد جعفر بلوچ نے دونوں فنکاروں کو یادگاری شیلڈز اور سووینیئرز بھی پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد ملک اور آصف خان کھیتران نے ریڈیو پاکستان ملتان سے وابستہ اپنی یادگار خدمات اور تجربات کو حاضرین کے ساتھ شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ فن، ادب، ثقافت اور قومی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کے بے شمار فنکاروں کو متعارف کرانے میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر محمد نواز بھٹہ اور ساجد علی خان ملتانی نے عارفانہ کلام، غزلیں اور ملی نغمے پیش کیے۔ جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ محمد نواز بھٹہ نے تقریب کے انعقاد پر ریڈیو پاکستان ملتان، اسٹیشن ڈائریکٹر محمد جعفر بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر قاریہ نسرین اختر اور پوری انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان ایک عظیم درسگاہ ہے جہاں سے فنکاروں، گلوکاروں اور صداکاروں نے تربیت حاصل کرکے ملک بھر میں نام کمایا۔ ساجد علی خان ملتانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے انہیں عوامی سطح پر شناخت دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور آج ان کی کامیابیوں میں اس ادارے کا نمایاں حصہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر معرکۂ حق کی کامیابی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا جبکہ ساجد علی خان ملتانی نے پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کے نعروں سے مزین ملی نغمہ پیش کرکے حاضرین میں جوش و جذبہ پیدا کردیا۔ تقریب میں انجم خان پتافی، مرزا اطہر لطیف، عرفان ملک، حافظ نوید اسلم، انجینئر فیصل نواز بھٹہ اور قیصر نواز بھٹہ سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔








