قومی اسمبلی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن تبدیلی(تنسیخی) بل 2026 کی منظوری دے دی

قومی اسمبلی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن تبدیلی(تنسیخی) بل 2026 کی منظوری دے دی۔سید نوید قمر نے نکتہ اٹھایا کہ کیا پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹر کراچی سے منتقل کیا جارہا ہے،انتظامیہ کی

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن تبدیلی(تنسیخی) بل 2026 کی منظوری دے دی۔سید نوید قمر نے نکتہ اٹھایا کہ کیا پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹر کراچی سے منتقل کیا جارہا ہے،انتظامیہ کی تبدیلی کب تک ہوگی۔ایڈوائزر نجکاری محمد علی نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے 20 سال میں کئی کوششیں ہوئیں،اس ادارے کو 5 سو ارب کا نقصان ہوا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں اس کی نجکاری ہوئی،اس بل کی منظوری کے بعد ہم اس کی منیجمنٹ کمپنی کے حوالے کردیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نجکاری میں عارف حبیب کے حصص 34 فیصد،فوجی فرٹیلائزر 33 فیصد اور دیگر کے 32 فیصد حصص ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی منیجمنٹ ایک سال میں 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی جس میں سے 125 پی آئی اے کی بحالی اور 55 ارب روپے حکومت کو ملیں گی،پی آئی اے کے 100 فیصد حصص کی نجکاری ہورہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹر نئی انتظامیہ جہاں چاہے گی رکھ سکے گی اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ 12 ماہ تک تمام ملازمین کی ملازمت کو تحفظ حاصل ہے،ریٹائر ملازمین کو پنشن بھی ماضی کی طرح ہی ملے گی،اس نجکاری میں ملازمین کی ملازمت کو ہر ممکن تحفظ دیا گیا ہے۔اس کے بعد سپیکر نے ایوان سے تحریک کی منظوری لی جس کے بعد شق وار منظوری لی گئی۔وزیر دفاع نے بل منظوری کے لئے پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔