گرم اور خشک موسم میں کپاس کے کیڑوں کی بروقت نگرانی اور تدارک ضروری ،کاشتکار ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں،صباحت حسین

ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سی سی آر آئی) ملتان مس صباحت حسین

ملتان ۔ 11 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سی سی آر آئی) ملتان مس صباحت حسین نے کپاس کے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ موجودہ گرم اور خشک موسمی حالات میں اپنی فصل کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھیں کیونکہ کپاس کے مختلف ضرر رساں کیڑوں کی آبادی معاشی نقصان کی حد کو چھو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر تدارک کے ذریعے فصل کو ممکنہ نقصان سے بچا کر بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن کاشتکاروں کی کپاس کی فصل ڈیڑھ سے دو ماہ کی ہو چکی ہے، وہ سفید مکھی کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے فی ایکڑ 10 پیلے چپکنے والے پھندے نصب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان پھندوں پر 15 سے 20 دن بعد دوبارہ گوند لگانا ضروری ہے تاکہ سفید مکھی کی آبادی کو مؤثر انداز میں قابو میں رکھا جا سکے۔ ان کے مطابق اگر سفید مکھی کا حملہ معاشی نقصان کی حد سے بڑھ جائے تو سفارش کردہ زرعی ادویات کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مس صباحت حسین نے گلابی سنڈی کے مؤثر انتظام کے لیے جنسی پھندوں (فیرومون ٹریپس) کے استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ گلابی سنڈی کی مینجمنٹ کے لیے فی ایکڑ 10 جنسی پھندے جبکہ نگرانی کے لیے ایک پھندا فی پانچ ایکڑ نصب کیا جائے۔ مزید بہتر نتائج کے لیے ہر 15 دن بعد پھندوں میں نصب کیپسول تبدیل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ فیلڈ مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ کپاس کے کاشتکاری علاقوں میں جیسڈ اور تھرپس کی آبادی بھی معاشی نقصان کی حد کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اس لیے کاشتکار اپنی فصل کا مسلسل معائنہ کریں اور ضرورت پڑنے پر ماہرین کی ہدایات کے مطابق تدارکی اقدامات اختیار کریں۔ ڈائریکٹر سی سی آر آئی نے زور دیا کہ غیر ضروری زرعی زہروں کے استعمال سے گریز کیا جائے اور سپرے صرف اسی وقت کیا جائے جب کیڑوں کی تعداد معاشی نقصان کی حد سے تجاوز کر جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سپرے ہمیشہ صبح یا شام کے اوقات میں کیا جائے جبکہ دوپہر کے وقت سپرے سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مربوط انسدادِ ضرر رساں حکمت عملی (آئی پی ایم)، باقاعدہ فصلی نگرانی اور ماہرین کی سفارشات پر عمل درآمد کے ذریعے کاشتکار بہتر، صحت مند اور زیادہ پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں