چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اور قومی معیشت کے مستقبل کے اصل معمار ہیں جنہیں جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، اختراع اور کاروباری مواقع فراہم کر کے پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور عالمی مسابقت کی نئی منزلوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی معیشت کی طاقت بنانے کا وقت آ گیا، حکومت ہر قابل نوجوان کے ساتھ کھڑی ہے۔ رانا مشہود

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 11 جون (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اور قومی معیشت کے مستقبل کے اصل معمار ہیں جنہیں جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، اختراع اور کاروباری مواقع فراہم کر کے پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور عالمی مسابقت کی نئی منزلوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نوجوانوں کے اختراعی منصوبوں کی سرپرستی اور مالی معاونت کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے اور نیشنل انکوبیشن سینٹرز سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کو 25 ملین روپے تک فنڈنگ سمیت متعدد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے نیشنل انکوبیشن سینٹر میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کا سفر کوئی نیا عمل نہیں بلکہ ایک طویل وژن کا حصہ ہے جس کی بنیاد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ جامع یوتھ پالیسی متعارف کرائی گئی جس کے تحت تعلیم، کھیل، فنی تربیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس و ٹیکنالوجی، آرٹ اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری کا آغاز کیا گیا۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ 1997 میں جب شہباز شریف پہلی بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تو نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے تعلیمی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی گئیں اوربوٹی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل تعلیمی میدان میں کامیابیوں کا دائرہ مخصوص طبقات تک محدود تھا، تاہم شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کے نفاذ کے بعد عام خاندانوں کے بچے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے لگے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹیکسی ڈرائیور کا بیٹا پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جبکہ حافظ آباد میں تندور پر کام کرنے والے نوجوان نے پنجاب یونیورسٹی کے ریکارڈ توڑ دئیے جس سے ثابت ہوا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ضرورت صرف مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کے اسی وژن کے تحت دانش سکولز، نرم شرائط پر قرضوں، وظائف اور پنجاب ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ جیسے منصوبے شروع کیے گئے جبکہ بعد ازاں نیشنل انوویشن اور انکوبیشن پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کے مثبت نتائج عالمی سطح پر بھی تسلیم کیے گئے اور 2017 میں معروف بین الاقوامی جریدے اکانومسٹ نے پنجاب کے تعلیمی ماڈل کو ایشیا کے نمایاں تعلیمی نظاموں کے مساوی قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ 2018 کے بعد یہ سفر سست روی کا شکار ہوا، تاہم 2023 سے دوبارہ نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں کو نئی رفتار دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک بھر کے مختلف شہروں اور علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں اور ہر جگہ نوجوانوں میں یکساں جوش، عزم اور صلاحیت پائی جاتی ہے۔ نوجوان مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے موزوں پلیٹ فارم درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ تک منصوبوں کو نیشنل انکوبیشن سینٹرز کے ذریعے سامنے لاتی اور ان کی سرپرستی کرتی ہے۔ اس سال نوجوانوں کے لیے ایک نئے ایکسیلیریٹر پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں بین الاقوامی اور قومی شراکت دار ادارے معاونت فراہم کریں گے تاکہ نوجوانوں کے کاروباری اور تکنیکی منصوبوں کو تیزی سے ترقی دی جا سکے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نیشنل انکوبیشن سینٹر سے گریجویشن مکمل کرنیوالے نوجوانوں کو صرف ایکسیلیریٹر پروگرام تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ انہیں پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کا بھی حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگنائٹ پروگرام کے علاوہ بھی نوجوانوں کے منصوبوں کے لیے 25 ملین روپے تک مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے جو نئے کاروبار، اسٹارٹ اپس اور اختراعی منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے تقریب میں مختلف اسٹالز اور منصوبوں کا معائنہ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے جدید آئیڈیاز اور تخلیقی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور صلاحیتوں کا اعتراف ہے اور حکومت ان کے ساتھ ہر مرحلے پر تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو نئی سمت دینے اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں نوجوان نسل کلیدی کردار ادا کرے گی، لہٰذا حکومت نوجوانوں کی تعلیم، مہارت، کاروبار اور اختراع پر سرمایہ کاری کو قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھے ہوئے ہے۔








