وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ سے بیلجیئم کے سفیر کی ملاقات، کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ سے بیلجیئم کے سفیر کی ملاقات، کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اوروزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امورسینیٹر رانا ثنا اللہ خان سے پاکستان میں بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلون نے ملاقات کی جس میں پاک۔بیلجیئم دوطرفہ تعلقات بالخصوص کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے کھیلوں کے ذریعے عوامی روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر مکمل اتفاق کیا۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ اور سپورٹس کے میدان میں خواتین کی شرکت کو بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں پہلی ‘قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ’ رواں سال 7 جولائی سے 13 جولائی تک منعقد ہوگی۔ یہ چیمپئن شپ ملک بھر کی باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان کھیلوں کے تبادلوں اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بیلجیئم کے سابق اور سینئر ہاکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت دی تاکہ وہ یہاں آ کر کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔

بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلون نے وفاقی وزیر کی کھیلوں کے حوالے سے کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ بیلجیئم کی ہاکی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور یہاں کے قومی ہاکی کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کرے گی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اسپورٹس ڈپلومیسی کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

 

مزید خبریں