ڈگریوں کی جلد تصدیق کا جھانسا دینے والے عناصر جعل ساز ہیں، ایچ ای سی

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے تعلیمی اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق (Attestation) کے نام پر معصوم شہریوں اور طلبا کو لوٹنے والے جعلی ایجنٹوں کے خلاف باقاعدہ پبلک الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے۔

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے تعلیمی اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق (Attestation) کے نام پر معصوم شہریوں اور طلبا کو لوٹنے والے جعلی ایجنٹوں کے خلاف باقاعدہ پبلک الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ڈگریوں کی جلد تصدیق کا جھانسا دینے والے عناصر جعل ساز ہیں، لہٰذا شہری اپنی قیمتی دستاویزات اور رقم بچانے کے لیے ایسے عناصر سے دور رہیں۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ معلوماتی پوسٹر کے مطابق ایچ ای سی کو ملک بھر سے ایسی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں کچھ خود ساختہ ایجنٹس سادہ لوح طلبا کو گمراہ کر کے نہ صرف ان سے بھاری رقوم بٹور رہے ہیں بلکہ ان کی حساس ذاتی معلومات کا غلط استعمال بھی کر رہے ہیں۔

ایچ ای سی کے مطابق کمیشن کا ڈگری تصدیق کا پورا نظام اب 100% آن لائن اور پیپر لیس ہو چکا ہے جس میں کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کا کوئی عمل دخل نہیں۔ تمام درخواست گزاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی یا ذاتی معلومات کسی غیر مجاز شخص کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں اور کسی بھی شارٹ کٹ کا سہارا لینے کے بجائے ایچ ای سی کے آفیشل ویب پورٹل پر جا کر ذاتی طور پر (Personally) اپنی درخواست دائر کریں۔

کمیشن نے عوام کی سہولت اور رہنمائی کے لیے اپنے تصدیق شدہ سرکاری ذرائع بھی دوبارہ جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی ابہام یا فراڈ کی صورت میں فوری رابطہ کیا جا سکے۔ طلبا کسی بھی مدد کے لیے ایچ ای سی کے ہیلپ ڈیسک *onlinehelp.hec.gov.pk، آفیشل ویب سائٹ **www.hec.gov.pk* یا پھر یونیورسل نمبر *051-111-119-432* اور موبائل نمبر *0334-1119432* پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ایچ ای سی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ "ہوشیار رہیں، محفوظ رہیں اور صرف آفیشل چینلز کا استعمال کریں۔

 

مزید خبریں