وفاقی وزیر توانائی سے سپین کے سفیر کی قیادت میں ہسپانوی وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس آراگون کی قیادت میں آئے ایک اعلیٰ سطحی ہسپانوی وفد نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے جدید مواقع اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس آراگون کی قیادت میں آئے ایک اعلیٰ سطحی ہسپانوی وفد نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے جدید مواقع اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملاقات میں ہسپانوی سفیر نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیامِ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔

وفاقی وزیر نے وفد کو پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران توانائی کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اضافی پیداواری صلاحیت کے حامل منصوبوں کے چیلنج سے نمٹنے کے بعد، حکومت اب روایتی خریداری کے بجائے ایک مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی طرف تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے جہاں کاروباری اداروں کے مابین براہ راست لین دین کے ذریعے بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کمپنیوں کو بھی مرحلہ وار اس عمل میں شامل کیا جائے گا۔

سردار اویس لغاری نے وفد کو ٹرانسمیشن نظام، گرڈ ڈیجیٹائزیشن، بیٹری انرجی سٹورج سسٹم اور جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے روشناس کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 16 ملین بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے جو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔ مزید برآں پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے تحت جلد ہی تحقیق، ترقی اور جدت پر مبنی ایک خصوصی پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے ذریعے نوجوانوں اور ماہرین کو اپنی اختراعی تجاویز پیش کرنے کا موقع ملے گا جبکہ قابل عمل اور موثر منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

سفیر کارلوس آراگون نے پاکستان کے پاور سیکٹر کی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپین کی کمپنیاں عالمی سطح پر ڈیفنس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سیکٹر کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپانوی کمپنیوں کی مہارت پاکستان کے ٹرانسمیشن اور میٹرنگ نظام کی جدیدکاری کے عمل میں مفید ثابت ہو سکتی ہے اور اس حوالے سے تعاون کے متعدد امکانات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے ہسپانوی کمپنیوں کی مختلف شعبوں میں مہارت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کے متعلقہ تکنیکی ادارے کمپنیوں کی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کی عملی صورتوں پر پیش رفت کی جائے گی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے انفراسٹرکچر کی بہتری، معلومات اور تجربات کے تبادلے اور ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مسلسل رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔