سابق برطانوی نمبر ون ٹینس کھلاڑی ڈین ایوانز نے رواں سال ومبلڈن کے بعد ٹینس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
انگلینڈ کے ٹینس سٹار ڈین ایوانز کا ومبلڈن اوپن کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

مزید خبریں
لندن۔12جون (اے پی پی):سابق برطانوی نمبر ون ٹینس کھلاڑی ڈین ایوانز نے رواں سال ومبلڈن کے بعد ٹینس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق 36 سالہ ڈین ایوانز اپنے کیریئر میں دو اے ٹی پی ٹائٹلز جیت چکے ہیں جبکہ وہ 2015 میں ڈیویس کپ جیتنے والی برطانوی ٹیم کا حصہ بھی تھے جس نے 79 برس بعد یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 2023 میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین 21 ویں رینکنگ حاصل کی تھی تاہم رواں سال صرف پانچ پروفیشنل میچز کھیلنے کے باعث وہ عالمی رینکنگ میں 217 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ڈین ایوانز نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس کھیل نے انہیں سب کچھ دیا ہے اور وہ ایک پروفیشنل ٹینس کھلاڑی کی حیثیت سے گزرے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔
انہوں نے 2024 میں پیرس اولمپکس کے دوران اپنے ہم وطن اینڈی مرے کے آخری ٹورنامنٹ میں ان کا پارٹنر بننے کے لیے واشنگٹن اوپن کے اہم رینکنگ پوائنٹس قربان کر دئیے تھے جہاں اس جوڑی کو کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ ڈین ایوانز جنہیں 2017 میں کوکین کے مثبت ٹیسٹ پر ایک سال کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا، نے اپنے خاندان کی غیر مشروط حمایت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے آخری ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز 29 جون سے ہو رہا ہے جہاں مین ڈرا میں جگہ بنانے کے لیے ڈین ایوانزکو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا یا وائلڈ کارڈ کا انتظار کرنا ہوگاجبکہ مستقبل میں ان کا ارادہ 2023 کے ومبلڈن بوائز چیمپئن ہنری سیرل کی کوچنگ کرنے کا ہے۔








