وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کو ایمرجنسی رسپانس مزید مربوط بنانے اور ایئر ایمبولینس سروس کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے،
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کو ایمرجنسی رسپانس مزید مربوط بنانے اور ایئر ایمبولینس سروس کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے،تمام موٹرویز اور ہائی ویز کے سروس ایریاز پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی موجودگی لازمی قراردینے اورپہاڑیعلاقوں پر شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیئے خصوصی اقدامات اور جگلوٹ سکردو روڈ اور مانسہرہ کاغان ناران روڈ پر گارڈ ریل نصب کرنے کی ہدایت کی ہے۔۔جمعہ کووزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کی صدارت میں موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اہم سفارشات و فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر نے اہم شاہراہوں کو ترجیحی بنیادوں پر انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایم ٹو موٹروے کو فوری طور پر آئی ٹی ایس پروگرام میں شامل کیا جائے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کیمروں، سکیورٹی انفراسٹرکچر اور کمیونیکیشن سسٹم کو آئی ٹی ایس پلان کے تحت یکساں کیا جائے،شاہراہوں پر ٹیکس ادائیگی کے لیے ‘کیش لیس’ اور ‘فری فلو’ ٹول سسٹم متعارف کرایا جائے، جدید الیکٹرانک ٹول سسٹم کو ‘سیف سٹی’ کے سیکیورٹی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے، ان اقدامات سے ٹریفک سسٹم میں بہتری کے علاوہ جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز پر سروس ایریاز میں موٹروے پولیس کی دستیابی اورایک جیسی سہولیات میسر ہونی چاہیئں۔
وفاقی وزیر نے مری ایکسپریس وے اور دیگر بڑی شاہراہوں پر حفاظتی معیار کو مقررہ اصولوں کے مطابق لانے کی ہدایت کی۔انہوں نےموٹروے پولیس کو ایمرجنسی رسپانس مزید مربوط بنانے اور ایئر ایمبولینس سروس کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نےتمام موٹرویز اور ہائی ویز کے سروس ایریاز پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی موجودگی لازمی قراردی،وفاقی وزیر مواصلات نے پہاڑ ی علاقوں پر شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے جگلوٹ سکردو روڈ اور مانسہرہ کاغان ناران روڈ پر گارڈ ریل نصب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان علاقوں میں آئیبکس ریسٹ رومز کی جگہ مستقل ریسٹ ایریاز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات، چئیرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز پولیس نے شرکت کی اور اہم امور پر بریفنگ دی۔








