وقت آ گیا ہے یورپ روس کے ساتھ مذاکرات کے راستے تلاش کرے،اطالوی وزیراعظم

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یورپ روس کے ساتھ رابطے اور مکالمے کے راستے تلاش کرے۔

روم۔12جون (اے پی پی):اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یورپ روس کے ساتھ رابطے اور مکالمے کے راستے تلاش کرے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اطالوی پارلیمان کے ایوانِ زیریں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مسلسل اس ضرورت پر زور دے رہی ہوں کہ یورپ کو روس کے ساتھ تعلقات اور رابطے کے طریقوں پر مشترکہ اور حقیقت پسندانہ مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔ قانونی حدود کے تحفظ کی کوششیں ہمیں ان ضروری رابطوں کو کھلا رکھنے سے نہیں روکتیں جو ہمارے مقاصد کے حصول کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو مکالمے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے اور دوسروں کے پیچھے چلنا ایک غلطی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یورپ کو یور س اور یوکرین کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے عمل میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے اور ان امور کی نشاندہی کرنی چاہیے جن پر وہ اثر انداز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امن کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں مدد کرنی چاہیے اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یوکرین کے لیے قابلِ اعتماد سکیورٹی ضمانتوں اور ایک نئے یورپی سلامتی ڈھانچے پر کام کرنا چاہیے جو طویل مدتی استحکام کو یقینی بنا سکے۔ اطالوی وزیراعظم نے یورو۔اٹلانٹک اتحاد کو برقرار رکھنے اور یورپ و امریکا کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمیشہ آسان کام نہیں ہوتا، لیکن یہ ضروری ہے۔ تاہم، ہم آہنگی کا مطلب اختیارات منتقل کرنا نہیں ہے۔

روس۔یوکرین امن عمل کے کئی پہلو ایسے ہیں جو یورپ سے متعلق ہیں، یورپ پر اثر انداز ہوتے ہیں اور انہی معاملات پر یورپ کو مذاکرات میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ اطالوی وزیراعظم نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ یوکرین سے متعلق امور کے لیے یورپی یونین کا ایک واحد نمائندہ مقرر کیا جائے تاکہ یورپی موقف زیادہ منظم اور موثر انداز میں پیش کیا جا سکے،تاہم انہوں نے کسی ممکنہ امیدوار کا نام نہیں بتایا۔ اطالوی حکومتی ذرائع کے مطابق فی الحال اٹلی کے پاس اس عہدے کے لیے کوئی مخصوص امیدوار موجود نہیں ہے۔