چیچہ وطنی، ڈویژنل کمشنر کی زیر صدار ت اجلاس میں ضلع اوکاڑہ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،

چیچہ وطنی۔ 12 جون (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ایس ای بلڈنگ ذوالفقار علی تبسم، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عاشق علی جاوید، ایکسین ایریگیشن محمد طلحہ، محکمہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ضلع اوکاڑہ میں شروع کیے جانے والے سڑکوں کی تعمیر و مرمت منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ ہائی ویز کے افسران نے منصوبوں کی نوعیت، تخمینہ لاگت، ڈیزائن اور تکمیل کے شیڈول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے اور سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والا مٹیریل منظور شدہ اور بہترین معیار کا ہو۔

انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق سڑکوں کے ساتھ سٹریٹ لائٹس، مثر نکاسی آب کا نظام اور بارش کے پانی کے اخراج کے لیے مناسب ڈرینز اور کھالوں کی تعمیر کو منصوبوں کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں کا ڈیزائن مستقبل کی ٹریفک ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوام کو محفوظ، پائیدار اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید خبریں