گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جمعے کے روزتحریک نفاذ فقہ جعفریہ خیبرپختونخوا کے صوبائی کنوینر محرم کمیٹی و عزاداری سیل مولانا ملک اجلال حیدر الحیدری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی
گورنر خیبرپختونخوا سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد سے ملاقات،محرم الحرام کے انتظامات بارےمسائل سے آگاہ کیا

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جمعے کے روزتحریک نفاذ فقہ جعفریہ خیبرپختونخوا کے صوبائی کنوینر محرم کمیٹی و عزاداری سیل مولانا ملک اجلال حیدر الحیدری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس دوران محرم الحرام کے انتظامات، عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے انعقاد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق وفد نے فیصل کریم کنڈی کو محرم الحرام کے دوران ملت جعفریہ کو درپیش مختلف مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔گورنر نے وفد کے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، عزاداروں کی سہولت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے معاہدات کی پاسداری ، پابندی ، رواداری اور برداشت کا فروغ انتہائی ضروری ہے ،کسی کی دل آزاری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی اور وفاقی اداروں کے تعاون سے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔وفد نے محرم الحرام کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کی دلچسپی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔








