ایم-2 موٹروے کوٹمومن پر پنجاب پولیس وین حادثے کا شکار، ایک شخص جاں بحق9 شدید زخمی

ایم-2 موٹروے کوٹمومن پر پنجاب پولیس وین حادثے کا شکار، ایک شخص جاں بحق9 شدید زخمی

سرگودھا۔ 12 جون (اے پی پی):ایم-2 موٹروے پر پنجاب پولیس وین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔ آج صبح 3 بج کر 25منٹ پرڈسٹرکٹ کنٹرول رُوم ریسکیو 1122 سرگودھا کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایم-2 موٹروے پر گلہ پور کھرل فارم کے قریب (اسلام آباد سے لاہور جانے والی سمت) پنجاب پولیس کی ایک وین حادثے کا شکار ہو گئی ، جس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سرگودھا ڈاکٹر مظہر شاہ کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کی تین ایمبولینسز (SGA-20، SGA-18، SGA-17) فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق پنجاب پولیس کی گاڑی راجن پور سے بازیاب کروائی گئی ایک فیملی کو واپس لے کر راجن پور جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث گاڑی کے چاروں ٹائر برسٹ ہو گئے۔

گاڑی بے قابو ہو کر موٹروے کے کنارے لگی حفاظتی باڑ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد باہر جا گرے اور شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے میں مجموعی طور پر 9 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 6 زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ مومن منتقل کیا، جبکہ 2 زخمیوں کو ایف ڈبلیو او (FWO) کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثہ میں 57 سالہ نور محمد ولد نہالو خان، سکنہ ہائے ضلع راجن پورموقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن کی میت کو بھی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ مومن منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام متاثرین کے وائلٹس چیک کیے، ضروری ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں محفوظ طریقے سے ہسپتال منتقل کیا۔ واقعے کی اطلاع متعلقہ پولیس کو بھی دے دی گئی جبکہ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔