چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ ایک منصفانہ، ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔
چائلڈ لیبر کا خاتمہ منصفانہ، ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے، چیئر پرسن بی آئی ایس پی

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ ایک منصفانہ، ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ چائلڈ لیبر کے عالمی دن پر اپنے جاری پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 11 بچوں سے جبری مشقت اور استحصال کی ممانعت کرتا ہے،آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 25-A کے تحت ہر بچے کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہاتھوں میں اوزار نہیں بلکہ کتابیں ہونی چاہئیں،بچوں کو مزدوری پر مجبور کرنے والے سماجی اور معاشی عوامل کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور تحفظ کی فراہمی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے موثر قانون سازی اور اس پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری درحقیقت پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، چائلڈ لیبر کا خاتمہ قومی ترقی اور سماجی انصاف کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت، نجی شعبے، والدین اور سول سوسائٹی کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو بچپن، تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔



