افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے سفارتی اہلکار نیئر اقبال رانا کے قتل کی شدید مذمت

افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے سفارتی اہلکار نیئر اقبال رانا کے قتل کی شدید مذمت، افغان حکومت حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے،پاکستانی مشنوں اور اس کے سفارتی عملے کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنائے،صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا غمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار اسلام آباد ۔ 06 نومبر (اے پی پی) حکومت …

افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے سفارتی اہلکار نیئر اقبال رانا کے قتل کی شدید مذمت، افغان حکومت حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے،پاکستانی مشنوں اور اس کے سفارتی عملے کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنائے،صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا غمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار

اسلام آباد ۔ 06 نومبر (اے پی پی) حکومت پاکستان نے جلال آباد افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے سفارتی اہلکار نیئر اقبال رانا کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ مقتول کو پیر کو ان کی رہائشگاہ کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اس گھناﺅنے فعل کی مذمت کی ہے اور غمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا اور اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور افغانستان میں پاکستانی مشنوں اور اس کے سفارتی عملے کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنائے۔ دفتر خارجہ کے افسران اور عملہ نے مقتول کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مقتول تین سال سے جلال آباد میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات تھے اور اب واپس ہیڈ کوارٹرز آنے والے تھے، ان کے ورثاءمیں ان کی بیوہ اور پانچ بچے شامل ہیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور اس گھناﺅنے فعل پر شدید احتجاج کیا اور اس واقعہ کے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتکاروں اور مشنوں کو جامع سیکورٹی فراہم کی جائے۔ افغان ناظم الامور نے اپنی حکومت کی جانب سے اس واقعہ پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے افغانستان میں پاکستانی مشنوں اور سفارتکاروں کو سیکورٹی فراہم کرنے اور دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا یقین دلایا۔

Leave a Reply