موجودہ مشکل حالات میں وفاقی بجٹ متوازن بجٹ ہے ،شیخ آفتاب احمد

شیخ آفتاب احمد: موجودہ حالات میں وفاقی بجٹ متوازن، مزدور اور متوسط طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے

حضرو 13 جون (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ممبر جوڈیشنل کمیشن ایم این اے شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات میں وفاقی بجٹ متوازن بجٹ ہے جس میں کئی شعبوں کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے کیونکہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق مزدور، کم آمدنی اور متوسط طبقہ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رواں سال کے وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات کے پیش نظر عالمی دنیا شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے اور ان حالات میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں متوازن بجٹ پیش کرنا وفاقی حکومت کی نمایاں خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ تنخواہوں اور پنشن میں کوئی خاطر خواہ اضافہ تو نہ کیا جاسکا لیکن ملازمت پیشہ افراد کو دیگر کئی سہولیات کی فراہمی سے تنخواہ دار طبقہ کو ضرور ریلیف ملے گا ۔شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ کئی دیگر شعبوں میں مزید ٹیکسز نہ لگانے اور ٹیکسز میں رعایت دئیے جانے سے مزدور اور متوسط طبقہ کو بھی ممکنہ ریلیف میسر رہے گا ۔انہوں نے مشکل حالات میں وفاقی بجٹ کو متوازن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط قومیں مشکل حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرتی ہیں لہذا ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو مزید سہولیات کی فراہمی اور معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات جاری رہیں گے

مزید خبریں