گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان خطاط عبدالوحد کی ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان خطاط عبدالوحد کی ملاقات

پشاور۔ 13 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان خطاط عبدالوحد نے ملاقات کی۔ ہفتہ کو گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے عبدالوحد کی غیرمعمولی کاوش، خطاطی کی مہارت اور قرآنِ کریم سے والہانہ وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت اور محنتی نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے عبدالوحد کی حوصلہ افزائی کےلیے نقد انعام بھی دیا اور ان کے روشن مستقبل کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قرآنِ کریم کی کتابت ایک عظیم سعادت اور قابلِ فخر خدمت ہے، نوجوان نسل کا دینِ اسلام، علم اور مثبت سرگرمیوں کی جانب رجحان معاشرے کےلیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عبدالوحد اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارتے ہوئے مستقبل میں بھی دینی، تعلیمی اور سماجی میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دیں گے۔

ملاقات کے دوران عبدالوحد نے گورنر خیبر پختونخوا کو آگاہ کیا کہ انہوں نے دو سال کی مسلسل محنت، لگن اور عشقِ قرآن کے جذبے سے اپنے ہاتھوں مکمل قرآنِ مجید تحریر کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ہاتھوں سے تحریر کردہ سورۃ المزمل بطور تحفہ گورنر خیبر پختونخوا کو پیش کی جسے گورنر فیصل کریم کنڈی نے انتہائی خوشی اور قدر و احترام کے ساتھ قبول کیا۔