قومی فٹبال ٹیم کو فیفا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پہلے آسیان کپ میں شرکت کے لیے مدعو کر لیا گیا ہے۔اس پیش رفت کو ملکی فٹبال کی ترقی اور عالمی سطح پر شناخت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی فٹبال ٹیم کو فیفا کے آسیان کپ میں شرکت کے لیے مدعو کر لیا گیا

مزید خبریں
لاہور۔13جون (اے پی پی):قومی فٹبال ٹیم کو فیفا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پہلے آسیان کپ میں شرکت کے لیے مدعو کر لیا گیا ہے۔اس پیش رفت کو ملکی فٹبال کی ترقی اور عالمی سطح پر شناخت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق عالمی فٹبال تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان کو ایونٹ میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی،جس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی شرکت کی تصدیق کر دی۔ ٹورنامنٹ21 ستمبر سے6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں منعقد ہوگا اور اس میں ایشیائی خطے کی متعدد مضبوط ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔مقابلوں کے دوران پاکستان ڈویژن ون میں شرکت کرے گا جہاں اسے بھارت، میزبان انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ جیسی حریف ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔ یہ ایونٹ قومی ٹیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کو آزمانے اور بین الاقوامی معیار کی ٹیموں کے خلاف تجربہ حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوسکتا ہے۔
فٹبال حلقوں کے مطابق پاکستان پہلی مرتبہ فیفا کے ایسے ٹورنامنٹ کا حصہ بننے جا رہا ہے جو روایتی ورلڈ کپ یا ایشین کوالیفائنگ مقابلوں سے الگ نوعیت رکھتا ہے۔اس وجہ سے اس ایونٹ میں شرکت کو ملکی فٹبال کیلئے ایک تاریخی سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شمولیت کے پس منظر میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی حالیہ سفارتی کوششیں اور فیفا کے ساتھ بہتر روابط بھی اہم عنصر رہے ہیں۔ماہرین کے نزدیک یہ موقع نہ صرف قومی ٹیم کی فنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دے گا بلکہ پاکستان فٹبال کی عالمی سطح پر ساکھ مضبوط کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔کھیل کے مبصرین کا ماننا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ماحول میں خود کو منوانے کا موقع ملے گا جبکہ مستقبل میں مزید عالمی ایونٹس کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔








