حکومت تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پر قابو پانے کیلئے مالیاتی بفرز قائم کر رہی ہے،وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب

حکومت تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پر قابو پانے کیلئے مالیاتی بفرز قائم کر رہی ہے،وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال میں تیل کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی قیمتوں اور توانائی کی منڈی میں خلل کے اثرات کو جذب کرنے کے لئے مناسب مالیاتی بفر بنائے ہیں۔ ہفتہ کو پوسٹ بجٹ میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اپریل میں پاکستان کے تیل کے درآمدی بل میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی مربوط کوششوں، خاص طور پر نیشنل کمانڈ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کے ذریعے، مئی میں اضافی بوجھ کو تقریباً 500 ملین ڈالر تک کم کرنے میں مدد ملی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پر امید ہے کہ جاری سفارتی کوششوں سے توانائی کی منڈیوں کو متاثر کرنے والے علاقائی تنازعات کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے اثرات رواں مالی سال کے بعد بھی جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر سپلائی اور قیمت کے چیلنجوں سے کامیابی سے نمٹ لیا ہے، توانائی کی منڈی کے اتار چڑھاؤ کے ثانوی اور تیسرے درجے کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بجٹ میں مناسب مالیاتی بفر شامل کیا گیا ہے۔