ایف پی سی سی آئی کا وفاقی بجٹ 27-2026 کا خیرمقدم، وزیراعظم اور معاشی ٹیم کو مثبت بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد

وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو کامیاب وفاقی بجٹ 27-2026 پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے مثبت بجٹ قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو کامیاب وفاقی بجٹ 27-2026 پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے مثبت بجٹ قرار دیا ہے۔۔ہفتہ کو وزیراعظم شہباز شریف کے نام مراسلےمیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تجارتی برادری کی نمائندہ تنظیم ہونے کے ناطے وہ وزیراعظم، وزیر خزانہ اور پوری معاشی ٹیم کو کامیاب بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مسلسل پانچ وفاقی بجٹ پیش کیے جو پالیسیوں کے تسلسل اور معاشی نظم و نسق کے لیے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی وفاقی بجٹ میں شامل ان اقدامات کا خیرمقدم کرتی ہے جن کا مقصد اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات، معیشت کی دستاویزی شکل اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر برآمد کنندگان کے لیے بینک مارک اپ کی شرح 4.5 فیصد مقرر کرنے اور سپر ٹیکس کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے آئی ٹی برآمدات کے لیے فائنل ٹیکس رجیم ( ایف ٹی آر) میں توسیع، بیرون ملک اثاثوں پر کیپٹل ویلیو ٹیکس ( سی وی ٹی) کے خاتمے، سیکشن 236C اور 236K کے تحت ودہولڈنگ ٹیکسوں میں اصلاحات، سیکشن 7E کے خاتمے، سیکشن 4C کے تحت سپر ٹیکس میں کمی، تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس آسان اسکیم کے اجرا، بینک کارڈز کے ذریعے بین الاقوامی لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی، زرعی مشینری کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے اور تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کو بجٹ کی نمایاں خصوصیات قرار دیا۔ مراسلہ میں کہا گیا کہ حکومت نے ٹیرف ریشنلائزیشن، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، ٹیکس انتظامیہ میں بہتری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں شفافیت بڑھانے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کو محدود مالی گنجائش کا سامنا ہے تاہم بجٹ میں کیے گئے اقدامات درست سمت میں پیش رفت ہیں جو آنے والے برسوں میں معیشت کو مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی نے وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران حکومتی معاشی ٹیم کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، بلال اظہر کیانی، جام کمال خان، ہارون اختر خان، چیئرمین ایف بی آر اور ڈاکٹر نجیب میمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ مشاورت کے نتیجے میں ایک ترقی پسند بجٹ کی تشکیل ممکن ہوئی۔

عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع میں پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی خدمات نےپاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی اور ملک کی کاروباری برادری وزیراعظم کی قیادت میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ ان قومی کامیابیوں کو مضبوط اور مستحکم معیشت میں تبدیل کیا جا سکے۔