وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے پاکستان فٹ بال ٹیم کو 74 سال بعد بین الاقوامی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کی پاکستان فٹ بال ٹیم کو 74 سال بعد بین الاقوامی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے پاکستان فٹ بال ٹیم کو 74 سال بعد بین الاقوامی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کے چار ملکی ایونٹ میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور مالدیپ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ قومی فٹ بال ٹیم نے عزم، حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ رانا ثناء اللہ نے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کی اس شاندار کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
یہ کامیابی پاکستان فٹ بال کی ترقی اور روشن مستقبل کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید محسن گیلانی کی قیادت میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نمایاں پیشرفت قابلِ ستائش ہے اور فیڈریشن کی قیادت کے وژن نے ہی اس کامیابی کی بنیاد رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی تاریخی فتح نوجوان کھلاڑیوں کے لئے نئی امید اور تحریک کا باعث بنے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی فٹ بال ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر پوری قوم خوشی اور فخر محسوس کر رہی ہے۔









