علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے اشتراک سے دو ہفتوں پر مشتمل ترکش سمر کیمپ کا باقاعدہ افتتاح
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے اشتراک سے دو ہفتوں پر مشتمل ترکش سمر کیمپ کا باقاعدہ افتتاح

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے باہمی اشتراک سے دو ہفتوں پر مشتمل ترکش سمر کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا،جو 26 جون تک جاری رہے گا ۔ سمر کیمپ میں بچوں کو ترک زبان، ترک ثقافت، خطاطی، تیر اندازی سمیت مختلف تعلیمی، ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کی تربیت فراہم کی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں ترک سفارتخانے کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر مہمت تویران، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاسوگلو،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید، اساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں بچوں نے شرکت کی۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمر کیمپ بچوں کو ترک زبان اور ثقافت کے ساتھ ساتھ فنون لطیفہ اور صحت مند غیر نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت کا موقع فراہم کرتا ہے جو ان کی شخصیت سازی، تخلیقی سوچ اور خود اعتمادی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو تعلیمی اور ثقافتی سطح پر مزید مستحکم بنانے کے لیے ایسے مشترکہ پروگرام نہایت اہم ہیں۔انہوں نے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار کی تین سالہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و ثقافتی خدمات نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ میں 33بچے تربیت حاصل کررہے ہیں اور یہ ہمارا چوتھا سمر کیمپ ہے۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی دوراندیش قیادت اور بھرپور حمایت اس پروگرام کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ ترکش سمر کیمپ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن کے تحت نوجوان نسل کی ذہنی و فکری نشوونما اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی جاری کاوشوں کا حصہ ہے۔ اس موقع پر ترک سفارتخانے کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر مہمت تویران نے کہا کہ اس نوعیت کی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوان نسل کو ایک دوسرے کی ثقافتوں کو سمجھنے اور باہمی احترام کے فروغ کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاسوگلو نے کہا کہ رواں سال سمر کیمپ نہ صرف اسلام آباد بلکہ دیگر شہروں میں بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی ریجن میں 22 جون سے 3 جولائی تک جبکہ لاہور ریجن میں 29 جون سے 10 جولائی تک بچوں کے لیے خصوصی سمر کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ ان سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔








